اسلام آباد: چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود کا کہنا ہے کہ قومی اسپورٹس پالیسی کی تشکیل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ناگزیر ہے۔
رانا مشہود نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی دنیا میں ہمارے سفیر ہیں، اسپورٹس بورڈ اور پی او کے درمیان رابطوں کا فقدان ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی کے فروغ اور انتہا پسندی کے مقابلے کیلیے کھیلوں کا کردار اہم ہے، پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلیے نچلی سطح پر کوئی معقول ڈھانچہ نہیں۔
چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام نے مزید کہا کہ غلط پالیسیوں سے قومی کھیل ہاکی بھی پیچھے چلی گئی۔
تقریب میں موجود ہاکی لیجنڈ شہباز سینئر نے کہا کہ ہاکی کی ترقی کیلیے سالانہ بجٹ مختص نہیں ہو سکا، سال میں مشکل سے کھلاڑی دو سے تین ٹور کرتے ہیں۔
شہباز سینئر نے کہا کہ فنڈز نہ ہونے سے ہاکی کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنسز نہیں ملتے، کھلاڑی پاکستان کے بجائے دیگر ہاکی لیگس کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
ہاکی لیجنڈ نے مزید کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھی دہرے معیار کی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔