بانی پی ٹی آئی کے بیٹے جو مناسب سمجھتے ہیں وہ کریں، رانا ثنا اللہ

رانا ثناءاللہ

(24 جولائی 2025): وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے والد کے لیے جو مناسب سمجھتے ہیں وہ کریں۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے والد کے لیے جو مناسب سمجھتے ہیں وہ کریں یہ ان کی ذمہ داری اور حق بھی ہے۔

رانا ثنا کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پاکستان کے دفاعی ادارے کی انسٹالیشن پر حملہ کیا گیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کہا تھا 9 مئی پر پہلے معذرت کریں پھر بات آگے بڑھے گی۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ کسی نے معذرت کی پراسیکیوشن نے کسی کو معاف کیا تو قانون اس کی اجازت ہے، بانی پی ٹی آئی اس وقت جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں کیوں کہ وہ مجرم ہیں، اگر ان کے ساتھ جیل میں ناانصافی ہورہی ہے تو یہ غلط ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے جلسہ کرنا ہے اور وہ ہی نکتہ عروج ہے تو جلسہ پشاور میں کرلیں، پی ٹی آئی نے لاہور میں جلسہ کرنا ہے تو پنجاب کی انتظامیہ سے اجازت لیں۔