راناثناء اورعابد شیرعلی کی بےنامی جائیدادیں، رپورٹ ڈی جی اینٹی کرپشن کو ارسال

رانا ثناء اور عابد شیرعلی

فیصل آباد : رانا ثناءاللہ اور عابد شیرعلی کی بےنامی جائیدادوں سے متعلق رپورٹ ڈی جی اینٹی کرپشن کو ارسال کردی گئی، بےنامی جائیدادیں ضبط کرنے کیلئے معاملہ کمشنر بےنامی کے سپرد کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کے اہلکاروں نے ن لیگ کے رہنماؤں رانا ثناءاللہ اور عابد شیرعلی کی بےنامی جائیدادوں سے متعلق رپورٹ تیار کرکے ڈی جی کو ارسال کردی۔

اے آر وائی نیوز نے اینٹی کرپشن کی رپورٹ کی کاپی حاصل کرلی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رانا ثناءاللہ کی چک204 اور ڈیفنس پیراڈائز، واپڈا سٹی اور جنا ح کالونی میں بےنامی جائیدادیں ہیں۔

اس کے علاوہ رانا ثناءاللہ چک204میں25کنال10مرلے بےنامی اراضی کے بھی مالک ہیں، محمد شکور کےنام 5کنال اور دو مرلے زرعی اراضی بھی رانا ثناءاللہ کی ملکیت ہے۔

جناح کالونی میں19مرلے کا پلاٹ بھی رانا ثناءاللہ کی بےنامی جائیداد میں شامل ہے، ڈیفنس پیراڈائز میں رانا ثناءاللہ 3کنال کی زمین کے مالک نکلے۔

رپورٹ کے مطابق ایکسپریس وے پر قائم واپڈا سٹی میں بھی ان کا ایک کنال کا بے نامی پلاٹ موجود ہے، حسن مارکیٹ اور کشمیر پل کے قریب15کمرشل دکانیں بھی ان کی ملکیت میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ن لیگی رہنما عابد شیرعلی کی فیڈمک، چنیوٹ اور تاندلیانوالہ میں بےنامی جائیدادیں ہیں، فیڈمک میں14ایکڑ اراضی پر مشتمل کشمیر کیمیکل فیکٹری عابد شیرعلی کی ہے اور چنیوٹ میں74کنال پر کشمیر ووڈ فیکٹری بھی عابد شیرعلی کی بے نامی جائیداد کا حصہ ہے۔

اس کے علاوہ عابدشیرعلی کی تاندلیانوالہ میں17 کنال7مرلے کی فیکٹری بھی بےنامی جائیداد میں شامل ہے، کشمیر انڈسٹریز اور ووڈ فیکٹری خواجہ عمران اور شاہین عامر کےنام پر ہیں۔