’اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘

عمران خان کو 2 اے سی، پی سی کھانے منگوا دیں ہمیں اعتراض نہیں، رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور راناثنااللہ نے دوٹوک کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا فلسطین کا جو مؤقف ہے عالم اسلام کو ان کیساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

اےآر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہا کہ فلسطینیوں پر جو ظلم ہو رہا ہے اس کی معلوم تاریخ میں مثال نہیں ملتی اگر کسی پر اتنا ظلم ہوا بھی ہے تو فلسطینیوں کی طرح مزاحمت نظر نہیں آئی۔

راناثنااللہ نے کہا کہ دنیا نے صرف بیانات کے علاوہ فلسطینیوں کیلئے کیا کچھ کیا ہے؟ پاکستان کو فلسطینیوں کے مؤقف کیساتھ کھڑا ہونا چاہیے فلسطینی جو بھی مؤقف اختیار کریں ہمیں ان کی بھرپور حمایت کرنی چاہیے، فلسطینی قوم ظلم کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے اسلامی دنیا کو اپنے مؤقف کو فلسطین کے پلڑے میں ڈالنا چاہیے۔

انہوں نے واضح کہا کہ حکومت کا یہ ہی فیصلہ ہے خیبرپختونخوا حکومت کو نہیں گرایا جائے گا اب تک یہ ہی فیصلہ ہے کہ کےپی میں گورنر راج یا عدم اعتماد نہیں لائی جائےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سسٹم میں رہ کر جدوجہد اور اپنے مؤقف کی کوشش کرے، بُرے وقت تمام پارٹیوں پر آتے ہیں پی پی اور ن لیگ پر بھی آیا تھا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے سسٹم میں رہ کر جدوجہد کی ہے اگر پی ٹی آئی سسٹم سے نکل کر جدوجہد کرنا چاہتی ہے تو باقاعدہ اعلان کرے۔