’نگراں وزیراعظم کیلیے اسحاق ڈار کے نام پر اتنا واویلا کرنے کی ضرورت نہیں‘

رانا ثنااللہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے اسحاق ڈار کے نام پر اتنا واویلا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ایک بات کی جارہی ہے کہ اس بار نگراں وزیراعظم کسی سیاست دان کو ہونا چاہیے تو پھر سیاست دان کا نام ہی لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی نگراں وزیراعظم کے لیے ن لیگ یا کسی اور جماعت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا صرف تجاویز زیر غور ہیں، گفتگو ضرور ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسحاق ڈار کے نگراں وزیراعظم بننے کا امکان مسترد کر دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت میں نگراں وزیراعظم کا کردار ایک ایمپائر کا ہوتا ہے اسحاق ڈار کو نگراں وزیراعظم بنانے کی تجویز کسی سطح پر زیر غور نہیں آئی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے نگراں وزیراعظم بننے سے متعلق حکومت کا کوئی اشارہ نہیں آیا یہ میڈیا میں ایک معتبر صحافی نے خبر لیک کی اس کےعلاوہ کچھ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کو نگراں وزیراعظم بنانے کیلئے کام بھی شروع نہیں ہوا خواہش ہے اسحاق ڈار کو نگراں وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے تو اچھی بات ہے معلومات کے مطابق اسحاق ڈار کے نام پر اعتراضات شروع ہو گئے ہیں رولنگ پارٹی سے کوئی نگراں وزیراعظم آئےگا تو لوگ اعتراض کریں گے۔