لاہور : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ہم عبوری سیٹ اپ کے حق میں نہیں دوبارہ الیکشن چاہتے ہیں، مریم نواز کے خلاف جھوٹا اوربےبنیاد مقدمہ قائم کیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مجھے عدالت کے جج کی امانت اور دیانت پر کوئی شبہ نہیں، خصوصی عدالت کا المیہ ہے کہ ایک خط پرجج تبدیل ہوجاتا ہے، آدھے گھنٹے کا وقت مانگا گیا،15منٹ میں واٹس ایپ پرجج تبدیل ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اتنی نفرتیں پیدا کر رہے ہیں کہ ازالہ سالوں میں بھی نہیں ہوسکے گا جن لوگوں کیخلاف بھی مقدمات بنائے گئے یا جو ان مقدمات میں قید ہیں وہ جلد رہا ہوں گے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ مریم نواز کے خلاف بھی جھوٹا اور بےبنیاد مقدمہ قائم کیا گیا حکومت کو مریم نواز کے پیش ہونے پر ابہام ہے تو عدالت سے رجوع کرے مریم نواز کا لندن میں والد صاحب کے پاس ہونا ان کاحق ہے چاہے ان کا پوراخاندان وہاں ہوان کا موجود ہونا ان کاحق ہے، ہماری طرف سے کوئی خاموشی والی بات نہیں ہے، ان سے صرف اتحادی ہی نہیں عوام بھی ناراض ہیں، حکومت کے ساتھ رہنے والےاتحادی ڈوب جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم عبوری سیٹ اپ کے حق میں نہیں دوبارہ الیکشن چاہتے ہیں، جلد سے جلد مڈٹرم الیکشن کرائے جائیں، حکومت والے آٹےاور چینی کے اےٹی ایم کھا گئے۔
شہریار آفریدی کہتے ہیں کہ ایک آدمی پکڑا جس کے ذریعے مجھ تک پہنچے، اب جس آدمی کے ذریعے مجھ تک پہنچے کو عدالت میں پیش کریں، اپنے خلاف چلتے کیسز پر انہوں نے کہا کہ یہ جنگ انصاف کے حصول تک جاری رہے گی۔
دوران گفتگو راناثنااللہ نے اعتراف کیا کہ مولانافضل الرحمان ہم سے ناراض ہیں، ہم مولانا کو منائیں گے اور آئندہ مشترکہ لائحہ عمل بنائیں گے۔