9 مئی کا اصل پلان کیا تھا؟ رانا ثنا اللہ نے بتا دیا

رانا ثناءاللہ

فیصل آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے 9 مئی کے پُر تشدد واقعات کی اصل وجہ بیان کر دی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ باقاعدہ پلاننگ کی گئی اور لوگوں کو ٹرینڈ کیا گیا، مقصد یہ تھا چند سو لوگ فوج پر حملہ آور ہوں گے، اس کے بعد لاکھوں لوگ نکلیں گے اور ریاست گر جائے گی، یہ قابض ہو جائیں گے اور ملک ٹھیک کرنے کے نام پر پانچ سو لوگوں کو پھانسی دینے کا ارادہ تھا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ 9 مئی کو یہ لوگ اپنے انجام کو پہنچے، جو کہتا تھا کسی کو نہیں چھوڑوں گا آج سب نے اس کو چھوڑ دیا، پونے 4 سال ملکی معیشت کا بھٹہ بٹھایا، جو منصوبے ہم نے ادھورے چھوڑے 4 سال ان میں کوئی کام نہیں ہو سکا، نفرت، گالیوں اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے پیٹرول، بجلی اور گیس سستی نہیں کر سکتے، یہ معاہدہ آئی ایم ایف سے پچھلے حکومت کر کے گئی تھی، آئی ایم ایف سے کہتے ہیں تو وہ کہتے ہیں یہ معاہدہ حکومت پاکستان نے کیا ہے۔