لگتا ہے پی ٹی آئی اگلے الیکشن سے پہلے ہی مائنس ہوجائے گی، رانا ثنااللہ

رانا ثنا اللہ پی ٹی آئی

اسلام آباد : وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ لگتا ہے پی ٹی آئی اگلے الیکشن سے پہلے ہی مائنس ہوجائے گی، کیونکہ بانی پی ٹی آئی جس راستے پر چل رہے ہیں لگتا ہے سزا کے چودہ سال پوری کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کئی مرتبہ ڈائیلاگ کی بات کرچکے ہیں، ڈائیلاگ میں اختلاف رائے بھی ہوتا ہے لیکن ہم آئین و قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو ملک پر مسلط کیا گیا جو سیاست پر یقین نہیں رکھتے، انتشاری سوچ رکھنے والوں کا سسٹم سے مائنس ہونا ملک کے لیے بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں ہوں تو اپوزیشن کو ختم کرنے پر تُل جاتے ہیں اور اپوزیشن میں ہوں تو اقتدار والوں کو برداشت نہیں کرتے۔

سیاسی مشیر کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کمیٹیاں چھوڑے گی، اسمبلی چھوڑے گی، مگر جو جگہ وہ چھوڑیں گے وہاں متبادل آئیں گے اور آئین کے مطابق چلیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کی ضرورت نہیں، وہ اپنی انتشاری سوچ کی وجہ سے خود مائنس ہورہی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے جلاوطنی کے باوجود 2002 کے انتخابات میں حصہ لیا، ہمیں مائنس کرنے کی کوشش کی گئی مگر ہم کامیاب ہوئے۔ جبکہ پی ٹی آئی تو خود مائنس ہونا چاہتی ہے اور ہم انہیں مثبت راستے پر لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کی مذمت نہیں کی، وہی اس کے آرکیٹیکٹ ہیں۔ لگتا ہے پی ٹی آئی اگلے انتخابات سے پہلے ہی مائنس ہوجائے گی کیونکہ بانی پی ٹی آئی جس راستے پر چل رہے ہیں اس سے یہی لگتا ہے کہ وہ سزا کے 14 سال مکمل کریں گے۔