اسلام آباد : وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ صدرکے پاس ایڈوائس پر عمل کرنے کے علاوہ کوئی اختیار نہیں ، فیصلہ ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے سمری صدر کو بھیج دی گئی، صدرکے پاس ایڈوائس پر عمل کرنے کے علاوہ کوئی اختیار نہیں۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو اعتماد میں لیکر فیصلہ کیا اور اپنا آئینی اختیار کا استعمال کیا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت کے پاس اختیار ہے کسی افسر کی ریٹائرمنٹ کوفریز کرسکتی ہے، فیصلہ ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں کیا ہے۔
یاد رہے وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف نے جنرل عاصم منیر کو نیا آرمی چیف تعینات کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹرپر بتایا وزیراعظم پاکستان نے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔