نوازشریف نے ساڑھے7 ارب کا بانڈ نہیں 50 روپے کا اسٹامپ پیپر دیا، رانا ثنا اللہ

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نوازشریف نے ساڑھے 7 ارب روپے کے ضمانتی بانڈز نہیں دیے صرف 50 روپے کے اسٹامپ پیپر پر لکھا کہ واپس آؤں گا، اب حکومت اسٹامپ پیپپرکا تعویز بنا کر گلے میں ڈال لے تاکہ سکون ملے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس صرف 5 ووٹوں کی اکثریت ہے، حکومت کے خلاف ان ہاؤس تبدیلی بہت ہی آسان ہے، چاہتے ہیں ان ہاؤس تبدیلی ووٹ کے ذریعے آئے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ لوگوں کی مشکلات موجودہ حکومت کو فارغ کرنے سے ہی کم ہوں گی، سکون قبر میں ملتا ہے تو کیا وہ پوری قوم کو قبرمیں لٹانا چاہتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد سے متعلق رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے 7 ارب کے ضمانتی بانڈز مانگے لیکن نوازشریف نے بیماری کی حالت میں بھی اس سے انکار کیا اور عدالت سے رجوع کیا۔

سابق صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ 7 ارب روپے کے ضمانتی بانڈز نہیں دیے صرف 50 روپے کے اسٹامپ پیپر پر لکھا کہ واپس آؤں گا، اب حکومت اسٹامپ پیپپرکا تعویز بنا کر گلے میں ڈال لے تاکہ سکون ملے۔

نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد واپس بھی آئیں گے اور اپنے بیانیے کو آگے بڑھائیں گے۔