عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ چلے گا، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ

سوشل میڈیا ریگولیٹ کرنے کیلیے قانون سازی ہو رہی ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ ہوگا۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس میں کہا: ’توشہ خانہ کیس میں الیکشن  کمیشن کے متفقہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ فتنے کو ایکسپوز کرنے پر پارٹی سمیت قوم الیکشن کمیشن سے اظہارِ یکجہتی کرے۔ عمران خان نے تحفے بیچ کر ملک کی جگ ہنسائی کرائی۔ فسادی ٹولے کو خبردار کرتا ہوں کہ امن و امان خراب کرنے کی کوشش نہ کریں۔‘

مزید پڑھیں: عمران خان کے خلاف مقدمے کے لیے درخواست جمع

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس فتنے نے قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، عمران خان ملک دشمن ایجنڈے پر کار فرما ہے، دوسروں کو چور کہنے والا آج خود چور ثابت ہوگیا ہے، یہ مکافات عمل ہے کہ دوسروں کو چور کہنے والا آج خود انصاف کے کٹہرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کے ساتھ کھڑے ہوں، پنجاب کے قانون نافذ کرنے والے ادارے چور کی بجائے ریاست کا ساتھ دیں، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی مشکلات ختم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بجائے قانونی راستہ اپنائیں، الیکشن کمیشن کے بعد عمران خان سرٹیفائیڈ چور ثابت ہوگیا ہے۔