ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار رنبیر کپور ساس اور عالیہ بھٹ کی والدہ سونی رازدان سمیت لاکھوں مداحوں کا دل جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔
بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کرسمس کا تہوار 25 دسمبر کو منایا گیا۔ بالی وڈ اسٹارز نے بھی اپنے چاہنے والوں کو سوشل میڈیا پر تہوار کی مبارکباد دی۔
کپور رہائش گاہ پر سالانہ کرسمس لنچ کی تقریب سے قبل عالیہ بھٹ کی جانب سے 24 دسمبر کو گھر پر چھوٹی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں فیملی ممبران سمیت کرن جوہر اور آیان مکھرجی نے بھی شرکت کی۔
متعلقہ: سٹے بازی کیس میں رنبیر کپور کے گرد گھیرا تنگ
تقریب میں عالیہ بھٹ کی والدہ سونی رازدان، والد مہیش بھٹ اور شوہر رنبیر کپور موجود رہے۔ سونی رازدان نے انکشاف کیا کہ داماد نے ان کے نام سے ایک لاکھ روپے چائلڈ ویلفیئر میں عطیہ کیے۔
سونی رازدان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک سرٹیفکیٹ شیئر کیا اور لکھا کہ ’میرے پیارے داماد کی طرف دیا گیا زبردست تحفہ۔‘
سرٹیفکیٹ میں لکھا کہ ہے ’یہ تصدیق کی جاتی ہے کہ سونی بھٹ کے نام پر ایک لاکھ روپے کا عطیہ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے دیا گیا ہے۔‘
جب یہ خبر سوشل میڈیا کے ذریعے اس کے مداحوں اور دیگر صارفین تک پہنچی تو انہوں نے اس کو خوب سراہا اور اس کیلیے شکریہ ادا کیا۔
رنبیر کپور کو حال ہی میں ایکشن سے بھرپور فلم ’اینیمل‘ میں دیکھا گیا۔ اس کی کاسٹ میں رشمیکا مندانا، بوبی دیول، انیل کپور سمیت دیگر فنکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فلم مجموعی طور پر 800 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔