رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کا ٹیزر برج خلیفہ پر دکھایا جائے گا

ممبئی: بالی وڈ اسٹار رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کا ٹیزر متحدہ عرب امارات میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر دکھایا جائے گا۔

بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کی ریلیز کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے جو یکم دسمبر 2023 کو نمائش کیلیے سینما گھروں میں پیش کی جانی ہے۔ سندیپ ریڈی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں بوبی دیول، انیل کپور اور رشمیکا مندنا بھی شامل ہیں۔

فلمسازوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ’اینیمل‘ کا 1 منٹ پر مشتمل خصوصی ٹیزر برج خلیفہ پر جاری کیا جائے گا۔ اس کیلیے باقاعدہ تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں رنبیر کپور، بوبی دیول اور ہدایت کار سندیپ ریڈی شرکت کریں گے۔

مذکورہ حکمت عملی کا مقصد دیگر ممالک خاص کر متحدہ عرب امارات کے لوگوں میں فلم کے حوالے سے تجسس پیدا کرنا ہے جہاں اس کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات بالی وڈ کی فلموں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ برج خلیفہ پر خصوصی ٹیزر یا پوسٹر دکھانے کی روایت سُپر اسٹار شاہ رخ خان نے ڈالی اور اب رنبیر کپور بھی دنیا کو متوجہ کرنے کیلیے اس راستے پر چل پڑے ہیں۔