کیا آپ ویرات کوہلی کی بایوپک میں کام کریں گے؟ رنبیر کپور نے جواب دے دیا

کیا آپ ویرات کوہلی کی بایوپک میں کام کریں گے؟ رنبیر کپور نے جواب دے دیا

ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے بھارتی کرکٹر ٹیم کے بلے باز ویرات کوہلی کی بایوپک میں کردار ادا کرنے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کر دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا پہلے سیمی فائنل دیکھنے کیلیے اسٹیڈیم پہنچے جہاں انہوں نے اینکر سے گفتگو کی۔

اینکر نے بالی وڈ اسٹار سے سوال کیا کہ کیا آپ ویرات کوہلی کی بایوپک میں کردار نبھانا پسند کریں گے؟

اس پر رنبیر کپور نے فوری طور پر جواب دیا کہ اگر ویرات کوہلی کی زندگی پر کوئی فلم بنائی جاتی ہے تو اس میں مرکزی کردار انہی کو نبھایا چاہیے کیونکہ وہ مجھ سے زیادہ اچھے نظر آتے ہیں اور ان کی فٹنس بھی اچھی ہے۔

رنبیر کپور کو فلم انڈسٹری کا سب سے ہنر مند اداکار مانا جاتا ہے جنہوں نے نہ صرف اپنے کام سے اس شعبے میں نام کمایا بلکہ لاکھوں مداحوں کے دل بھی جیتے۔

بالی وڈ اسٹار اپنی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’اینیمل‘ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ سندیپ ریڈی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں بوبی دیول، انیل کپور اور رشمیکا مندنا بھی جلوہ گر ہوں گے۔

فلم یکم دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی جائے گی۔ رنبیر کپور اس کے بعد کسی بھی پروجیکٹ کا حصہ نہ بننے کا اعلان کر رکھا ہے۔

رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ انہوں نے اینیمل کے بعد کسی بھی فلم کیلیے وعدہ نہیں کیا کیونکہ وہ بیٹی کو وقت دینا چاہیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے 6 ماہ کا بریک لیا ہے اور یہ وقت راحا کے ساتھ گزاروں گا۔