کراچی: سندھ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ملزم سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان گرفتار کرلیے، گلبہار سے گرفتار ملزم سردار عرف پرویز کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزم سردار کانسٹیبل سیف اللہ کی ٹارگٹ کلنگ سمیت 500 سے زائد ڈکیتیوں میں ملوث ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کلاکوٹ، میٹھادر سے گرفتار 2 ملزمان سرفراز، اویس کا تعلق گینگ وار سے ہے، گرفتار ملزمان بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
مبینہ ٹاؤن، عوامی کالونی، کورنگی سے 4 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کیا گیا، عوامی کالونی، لیاقت آباد سے 2 ملزمان زبیر عرف جمعہ، انتخاب عرف اینٹی کو گرفتار کیا گیا، ملزمان مشکوک سرگرمیوں، چوری شدہ موبائل کی خریدو فروخت میں ملوث ہیں۔
مزید پڑھیں: کے ایم سی ملازم کے قتل کا معمہ حل، رینجرز نے ملزم کو گرفتار کرلیا، اسلحہ برآمد
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ سکھن، سرسید کے علاقے سے منشیات کا کاروبار کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان سے غیرقانونی اسلحہ، ایمونیششن، مسروقہ سامان، منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق اندرون سندھ رینجرز، محکمہ آبپاشی اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا گیا، دوران آپریشن 4 کلو میٹر نہری علاقے میں 6 مقامات سے پانی کے غیرقانونی کنکشن ہٹائے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز رینجرز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کے ایم سی ملازم کے قتل میں ملوث ملزم کو دو روز بعد ہی لیاقت آباد سے گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا تھا، ملزم اور مقتول کا رقم کے لین دین پر تنازعہ تھا۔