کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 19 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کامیاب کارروائی کے بعد 19 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائیاں ماڈل کالونی، گذری اور شارع فیصل، موچکو، محمودآباد، ماڑی پور کے علاقوں میں کی گئیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ماڈل کالونی، گذری اور شارع فیصل سے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہیں۔
ادھر زمان ٹاؤن، لانڈھی اور کورنگی کے علاقوں میں پولیس کے ساتھ کارروائی میں 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق شارع فیصل، موچکو، محمود آباد اور ماڑی پور سے 11 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان سے اسلحہ، گولیاں، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد کرلی گئی۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کی کارروائیاں جاری ہیں، چند روز قبل بھی رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے تین ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا تھا.