کراچی: شہر قائد کے ضلع غربی میں رینجرز نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع غربی میں رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھتہ وصولی میں ملوث کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار کرلیے۔
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان میں رشید عرف خان بابا اور اسماعیل عرف چپس والا شامل ہیں، ملزمان سوات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
ترجمان کے مطابق رشید عرف خان بابا گرفتار ی کے ڈر سے سوات سے فرار ہو کر کراچی آیا تھا، ملزم کالعدم تنظیم کے بھتہ گروپ کے لیے کارروائیاں کرتا تھا، ملزم اسماعیل عرف چپس والا کراچی کا رہائشی، کالعدم تنظیم کا سہولت کار ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے 20 اپریل 2019 کو بھتہ نہ دینے پر دکان مالک پر فائرنگ کی تھی، فائرنگ کے بعد دکان کے مالک نے ملزمان کو ایک لاکھ روپے بھتہ دیا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 28 اگست کو شیر شاہ میں کباڑ کا کارو بار کرنے والے سے ایک کروڑ بھتے کا مطالبہ کیا، ملزمان نے بھتہ نہ دینے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی۔