کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت میں رینجرز چوکیوں پر حملہ کیس کی سماعت، ملزم اسد کو شواہد نہ ملنے پر باعزت بری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز چوکیوں کے الزام میں گرفتار ملزم اسد کو آج پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا دورانِ سماعت پولیس کی جانب سے عدالت کو یہ بتایا گیا کہ اس کیس میں ملزم کی موجودگی کے حوالے سے کوئی شواہد نہیں ملے۔
پولیس کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی، جس میں ملزم حبیب پاگل، ریحان اور دیگر ملزمان کو مفرور قرار دیتے ہوئے ملزم اسد کے خلاف مقدمہ داخل دفتر کرلیا گیا ہے، جج نے رپورٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے ملزم اسد کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے رواں سال کراچی کے مختلف علاقوں لیاقت آباد، کورنگی ناظم آباد میں رینجرزکی چوکیوں پر نامعلوم افراد کی جانب سے کریکر حملے کیے گیے تھے، ان حملوں کے بعد رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں سے ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
پڑھیں : رینجرزچوکیوں پرحملوں میں ملوث ملزمان کا اعتراف جرم
ترجمان رینجرز کے مطابق نارتھ ناظم آباد سے گرفتار ملزمان نے مختلف چوکیوں پر حملوں کا اعتراف کیا اور انکشاف کیا تھا کہ اس حوالے سے شہر میں 6 رکنی گروپ کام کررہا ہے، بعدازاں ملزمان کی نشاندہی پر رینجرز نے شاہ فیصل سے کامران نامی شخص کو گرفتار کیا تھا۔