رینجرز کی سندھ کی ساحلی پٹی پر امدادی کارروائیاں

پاکستان رینجرز کی سمندری طوفان بیپر جوائے کے اثرات سے متاثرہ سندھ کی ساحلی پٹی شاہ بندر، سجاول، ٹھٹھہ، گھارو اور بدین میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سمندری طوفان بیپر جوائے کے اثرات سے متاثرہ سندھ کی حالی پٹی شاہ بندر، سجاول، ٹھٹھہ، گھارو اور بدین میں پاکستان رینجرز کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متوقع طوفان کی زد میں آنے والے متاثرین کے لیے خشک راشن کی ترسیل کی جا رہی ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق راشن اور اشیائے خور ونوش پر مشتمل 11 ٹرک متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کیے گئے ہیں جب کہ وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے موبائل میڈیکل کیمپ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ بدین، سجاول اور ٹھٹھہ کے متاثرہ علاقوں میں رینجرز کی جانب سے 77 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں اور تین روز سے جاری ریلیف آپریشن کے دوران ان اضلاع سے 60 ہزار 442 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

طوفان بیپر جوائے 350 کلومیٹر دور، کل پاک بھارت ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا

واضح رہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان بیپر جوائے پوری شدت کے ساتھ پاکستان اور بھارت کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کا فاصلہ کراچی سے صرف 340 کلومیٹر رہ گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان کیٹی بندر سے 300 کلومیٹر اور ٹھٹھہ سے 360 کلومیٹر جنوب مغرب میں موجود ہے جو کل دوپہر شمال مشرق کیجانب کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے گزرے گا۔