کراچی: پانی چوری کے خلاف رینجرز اور واٹربورڈ نے آپریشن کیا۔ 33 انچ کی مین لائن سے غیرقانونی لیا گیا کنکشن پکڑاگیا۔
تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ کارپوریشن نے بتایا کہ پانی کی مرکزی لائن سے کروڑوں روپے مالیت کا پانی چوری کیا جا رہا تھا۔ 33 انچ کی مین لائن سے غیرقانونی 8 انچ کا کنکشن پکڑا گیا۔
واٹر بورڈ حکام نے بتایا کہ ناظم آباد میں پانی چوری میں ملوث صوبائی اسمبلی کے امیدوار پر مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ غیرقانونی کنکشن سے پانی چوری کرکے فیکٹریوں کو فراہم کیا جاتا تھا۔
چوری کا پانی ٹینکروں کے ذریعے فروخت کیا جارہا تھا۔ لائن سے غیرقانونی کنکشن عارف قریشی اور دانش قریشی نے حاصل کر رکھا تھا۔ عارف قریشی پی ایس 128 سے سیاسی جماعت کے امیدوار ہیں۔
واٹر بورڈ کارپوریشن نے کہا کہ رضویہ پولیس نے عارف قریشی اور دانش قریشی کے خلاف مقدمہ درج کرلی ہے۔ پانی چوری کا مقدمہ واٹر بورڈ کے ملازم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
صوبائی اسمبلی کے امیدوار عارف قریشی نے کہا کہ مجھ پر مقدمہ سازش کے تحت درج کیا گیا ہے۔ دانش قریشی میرے کورنگ امیدوار ہیں، مقدمہ من گھڑت کہانی ہے۔