دپیکا پڈوکون، نومولود بیٹی کی گھر آمد پر شاندار استقبال کی تیاری

رنویر سنگھ نے دپیکا اور نومولود بیٹی کی گھر آمد پر شاندار استقبال کی تیاری کر لی

ممبئی: حال ہی میں والد بننے والے معروف بالی وڈ اسٹار رنویر سنگھ نے اہلیہ دپیکا پڈوکون اور نومولود بیٹی کی پہلی بار گھر آمد پر شاندار استقبال کی تیاری کر لی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون اس وقت والدین بننے کے خوشگوار تجربے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، جوڑے کے گھر حال ہی میں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

دپیکا پڈوکون کو 7 ستمبر کو اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا اور اب انہیں ڈسچارج کیا جانا ہے۔ رنویر سندھ نے اہلیہ اور نومولود بیٹی کی گھر گھر آمد پر شاندار استقبال کو یقینی بنانے کیلیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

اداکارہ کو آج 12 ستمبر کو کسی بھی وقت اسپتال ڈسچارج کیا جا سکتا ہے۔ زچہ و بچہ دونوں صحت مند ہیں اور فیملی ان کے گھر آمد کی منتظر ہے۔

جوڑے نے اپنے نوزائیدہ بچے کے بارے میں ’نو فوٹو پالیسی‘ اختیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ تصاویر نہ بنائیں۔

رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون نے 2018 میں اٹلی میں ایک پُروقار تقریب میں شادی کی تھی جبکہ رواں سال فروری میں جوڑے نے اداکارہ کے حاملہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ روز اسٹار جوڑی نے انسٹاگرام کے ذریعے بیٹی کی پیدائش کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ انہوں نے ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں ’ویلکم بیبی گرل!‘ لکھا تھا۔ اعلان کے بعد جوڑے کو نامور فلمی شخصیات اور مداحوں نے مبارکباد پیش کی تھی۔

رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون فلم ’سنگھم اگین‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ اداکارہ ’لیڈی سنگھم‘ جبکہ اداکار ’سمبا‘ کا کردار ادا کریں گے۔ فلم دیوالی 2024 کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔