ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار رنویر سنگھ کی فلم ’ڈان 3‘ کے ملتوی ہونے کی خبریں سامنے آنے کے بعد ان کے مداح پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔
’ڈان 3‘ میں رنویر سنگھ کے مرکزی کردار کے اعلان کے بعد سے مداح انہیں بھرپور ایکشن میں دیکھنے کیلیے بے تاب ہیں۔ فلم کے ملتوی ہونے کی قیاس آرائیوں پر بھارتی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا کہ ’ڈان 3‘ اپنی مقررہ تاریخ پر ہی ریلیز ہوگی جبکہ 2025 میں اس کی عکس بندی شروع کی جائے گی۔
خیال رہے کہ فلم کی ریلیز کی تاریخ اب تک سامنے نہیں آئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ہمیشہ سے ہی فلم کو 2025 میں ریلیز کیے جانے کا ارادہ تھا اور اب تیاری کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
متعلقہ: عمران ہاشمی نے ’ڈان 3‘ کا حصہ ہونے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی
اس سے قبل ہدایت کار فرحان اختر نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ڈان 3 کی شوٹنگ 2025 میں شروع ہوگی اور ہم جنوری 2025 میں شروع کریں گے لہٰذا ابھی کچھ وقت باقی ہے۔
انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ ایک اچھا ڈان بننے کیلیے کیا ضروری ہے تو انہوں نے کہا تھا کہ خود اعتمادی، یقین اور ہر وہ کام کرنے کی صلاحیت جس پر آپ کا دماغ قائم ہو۔
رنویر سنگھ کے ساتھ ہیروئن کیلیے بالی وڈ اداکارہ کیارا ایڈوانی کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ہدایت کار فرحان اختر نے سوشل میڈیا کے ذریعے کیارا ایڈوانی کی پروجیکٹ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کر کے اداکارہ کو فرنچائز میں خوش آمدید کیا تھا۔