ممبئی (17 جولائی 2025): گولڈ اسمگلنگ کیس میں کنڑ فلموں کی اداکارہ رانیا راؤ سمیت 3 ملزمان کو قید کی سزا سنا دی گئی۔
انڈین میڈیا کے مطابق فارن ایکسچینج کے تحفظ اور اسمگلنگ کی سرگرمیوں کی روک تھام (COFEPOSA) کے ایڈوائزری بورڈ نے رانیا راؤ سمیت 3 ملزمان کو ایک سال قید کی سزا منظور کی۔
رانیا راؤ کے ساتھ ملزمان ترون کونڈارو راجو اور ساحل جین بھی شامل ہیں۔ حکم نامے کے مطابق تینوں ملزمان کو ایک سال کی قید کے دوران ضمانت کی درخواست دینے کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونا اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار رانیا راؤ نے پولیس کو کیا بتایا؟
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (DRI) نے 23 مئی کو رانیا راؤ پر COFEPOSA آرڈر جاری کیا تھا۔ اس کے جواب میں اداکارہ کی والدہ روہنی نے 3 جون کو کرناٹک ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
حکام کی جانب سے اصل حراستی آرڈر جاری کرنے کے بعد COFEPOSA ایڈوائزری بورڈ نے قانون کے سیکشن 8 کے تحت کیس کا جائزہ لیا اور رپورٹ میں فراہم کردہ شواہد اور تفصیلات کی تصدیق کی۔
ایڈوائزری بورڈ نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ تمام قانونی طریقہ کار پر عمل کیا گیا اور اداکارہ کی احتیاطی حراست کو جواز بنانے کیلیے کافی ثبوت موجود ہیں۔ اس معاملے کی سماعت ہر تین ماہ میں ایک بار ہوگی اور ایک سال تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ 3 مارچ 2025 کو پولیس نے رانیا راؤ کو اُس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ بنگلورو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 12.56 کروڑ روپے کا 14.213 کلو گرام سونا چھپا کر بیرون ملک سفر کی کوشش کر رہی تھیں۔
بعدازاں پولیس نے اداکارہ کی رہائش گاہ کی تلاشی لی تو 2.67 کروڑ روپے نقدی اور 2.06 کروڑ روپے کے سونے کے زیورات ضبط برآمد ہوئے۔
تحقیقات سے پتا چلا کہ رانیا راؤ نے اپنے ساتھیوں ترون کونڈورو راجو اور ساحل جین کے ساتھ مل کر دبئی، یوگنڈا اور دیگر مقامات پر سپلائی کرنے والوں سے سونے کی اسمگلنگ کیلیے ایک جدید سنڈیکیٹ چلایا۔