ممبئی: بالی وڈ اسٹار انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکی دینے کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
سال 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ سے شکست کھانے کے بعد ہندو انتہا پسند رام ناگیش سری نواس اکوباتھنی نے سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کی بیٹی کا ریپ کرنے کی دھمکی دی تھی۔
شکایت پر ممبئی پولیس کے سائبر سیل نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حیدر آباد سے گرفتار کیا تھا اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
اب بتایا جا رہا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ خارج کر دیا گیا ہے۔ ممبئی کی مقامی عدالت نے گزشتہ روز اپنا فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ نہ چلایا جائے۔
شکایت کنندہ نے ملزم کے خلاف مقدمہ نہ چلانے کے لیے عدالت میں رضامندی کا حلف نامہ بھی جمع کروا دیا۔ شکایت کنندہ کوئی اور نہیں بلکہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے مینیجر ہیں۔
ملزم نے عدالت کو بتایا کہ میں اپنے الفاظ پر بے شرمندہ ہوں، خیال رکھوں گا کہ آئندہ ایسا نہ ہو۔