نوجوان کرکٹر راشد خان نے شادی کو افغان ٹیم کی ورلڈکپ فتح سے مشروط کردیا

کابل: افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی اور لیگ اسپینر  راشد خان نے اپنی شادی کو ورلڈکپ کی فتح سے مشروط کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شادی کرنے سے متعلق سوال پر راشد خان کا کہنا تھا کہ ’افغان ٹیم کے ورلڈکپ جیتنے کے بعد ہی میں شادی کروں گا‘۔

یاد رہے کہ ایک سال قبل بھی افغان ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے راشد خان نے کہا تھا کہ ’افغانستان کے کرکٹ ورلڈکپ جیتنے کے بعد ہی شادی کرنے کا ارادہ ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’افغانستان کی ٹیم ورلڈکپ جیتنے کے بعد ہی منگنی کرنے کا بھی ارادہ ہے‘۔

راشد خان کے انٹرنیشنل کریئر پر ایک نظر

راشد خان نے افغانستان کی نمائندگی کر تے ہوئے اب تک 5ٹیسٹ، 74 ون ڈے اور 51 ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے ہیں۔ وہ ٹیسٹ فارمیٹ میں 34، ون ڈے میں 140 اور ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں 95 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

راشد خان کو افغانستان کی ٹیم میں اہم کھلاڑی کی حیثیت حاصل ہے کیونکہ وہ ساتویں نمبر پر آکر جارحانہ انداز میں بیٹنگ بھی کرتے ہیں جس کی وجہ سے اُن کی ٹیم کو متعدد بار فتح بھی نصیب ہوئی۔

راشد خان کی بلے بازی پر مختصر نظر

راشد خان نے اب تک 5 ٹیسٹ، 74 ون ڈے، 51 ٹی ٹوینٹی جبکہ 69 آئی پی ایل میچز کھیلے، ٹیسٹ فارمیٹ میں انہوں نے 106، ون ڈے میں 1008، ٹی ٹوینٹی میں 179 رنز بنائے ہیں۔