اسلام آباد: ارکان قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ لاجز اور ہاؤس میں چوہوں کی بھرمار کا معاملہ اٹھا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی رکن شاہدہ رحمانی، پی ٹی آئی رکن نثار جٹ اور عالیہ کامران نے پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز میں چوہوں کی بھرمار پر احتجاج ریکارڈ کروایا۔
شاہدہ رحمانی نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز کے حالات نامساعد ہیں۔
عالیہ کامران کا کہنا تھا کہ اطلاعات نے چوہوں نے سرکاری فائلوں کو نقصان پہنچایا ہے، چوہوں کو مارنے کے لیے کتنے وسائل استعمال کیے جارہے ہیں؟
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس، لاجز کو آؤٹ سورس کرنا ہوگا اس کے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔
یہ پڑھیں: چوہوں نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے کئی دفاتر میں اہم فائلیں کتر ڈالیں
انہوں نے کہا کہ بجٹ کا 90 فیصد تنخواہوں پر چلا جاتا ہے، ڈپٹی اسپیکر کی سربراہی میں لائبریری کمیٹی کام کررہی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے کئی دفاتر میں اہم فائلیں چوہوں نے کترڈالی تھیں۔
سی ڈی اے نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹینڈرجاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ چوہوں کو پکڑنے کیلئے خصوصی بلیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور چوہوں کوتلف کرنے کیلئے سالانہ 12 لاکھ روپےخرچ ہوں گے۔
ٹینڈر میں کہا گیا تھا کہ چوہوں کوپکڑنے کے لیے دو ماہر ین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔