دریائے راوی میں سیلابی ریلے میں کمی آ گئی

دریائے راوی سیلاب پنجاب

لاہور (30 اگست 2025): دریائے راوی میں سیلابی ریلے میں کمی آ گئی ہے، اور شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک رہ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے صوبائی حکام نے کہا ہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل کم ہو رہی ہے، اس وقت ایک لاکھ 38 ہزار کیوسک ہے، جب کہ ہیڈ بلوکی میں 2 لاکھ کیوسک ہے۔

دریائے راوی سے منسلک قریبی آبادیوں میں متاثرین کو ریسکیو کرنے کا عمل بدستور جاری ہے، دوسری طرف عارف والا میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث دریاٸے ستلج کے سیلابی پانی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، جس سے متاثرین کی مشکلات بڑھ گٸی ہیں، سیلاب میں گھرے لوگ نقل مکانی کے لیے مجبور ہیں، اور ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔

دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں تیزی سے کمی آنے لگی

لیاقت پور میں دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر صورت حال تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے، انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے شہری آبادیوں کو بچانے کے لیے بنائے گئے سرکاری منچن بند خستہ حال ہو چکا ہے، کئی مقامات پر بڑے گڑھے پڑنے کے باعث شہری آبادی کو بھی خطرہ لاحق ہے۔

حویلی لکھا کے قریب دریائے ستلج ہیڈ سلیمانکی پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، اور دریائی بیلٹ کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، دریائے راوی میں کمالیہ کے مقام سے ایک لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں سیلابی ریلے میں غیر معمولی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔