ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ روی شاستری نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل اپنی ٹیم سے متعلق اہم پیش گوئی کردی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی پریس کلب میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے روی شاستری نے کہا کہ میں پچھلے چھ سات سالوں کے درمیان اس سسٹم کا حصہ ہوں، پہلے بطور کوچ اور اب باہر بیٹھ کر ٹیم کو دیکھ رہا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ بھارتی ٹیم کی موجودہ بیٹنگ لائن اپ بہترین ہے۔
سابق بھارتی کوچ نے کہا کہ پچھلے سال کی نسبت بھارتی بیٹنگ لائن زیادہ مستحکم نظر آرہی ہے، جس کی وجہ سوریا کمار کی عمدہ بیٹنگ اور تجربہ کار دنیش
کارتک کے دوبارہ ٹیم میں شمولیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمبر چار پر سوریا کمار یادیو، پانچ پر ہارڈیک پانڈیا اور نمبر چھ پر رشبھ پنت یا دنیش کارتک کے ہونے سے بہت فرق پڑے گا، کیونکہ یہ بیٹرز اپنا نیچرل کھیل کھیلتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم کی ڈریسنگ روم میں ڈانس کی ویڈیو سامنے آگئی
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جسپریت بمراہ کی عدم موجودگی کے باوجود بھارتی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلے گی۔
روی شاستری کا کہنا تھا کہ مجھے ٹیم انڈیا کی فیلڈنگ پر کھچ تحفطات ہیں مجھے یہ بھی یقین ہے کہ کوچ اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جب ہم فیلڈنگ کے دوران 15 سے 20 رنز بچانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ سمجھیں کہ ہم نے یہ اضافی رنز حاصل کرلئے یہ اس وقت کام آتے ہیں جب ہم بیٹنگ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔