بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں مداحوں کی خواہش ہوتی ہے کہ ہم ہی جیتیں لیکن پاکستان کی ٹیم بھی میدان میں جیت کے لیے اترتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کا کہنا ہے کہ پاک بھارت ٹاکرے میں کوشش ہوتی ہے کہ اچھا کھیلیں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں لیکن کرکٹ کھیل ہے اور اس میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے کوئی بھی میچ اتنا ہی اہم ہوتا ہے جتنا پاکستان کے خلاف اہم ہوتا ہے لیکن پاکستان کے خلاف میچ پر فوکس زیادہ ہوتا ہے۔
رویندرا جڈیجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم بھی اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں اور وہ بھی جیتنے کے لیے میدان میں اترتے ہیں، کوئی گارنٹی نہیں ہوتی کہ آپ ہی جیتیں، آپ بس اپنی سو فیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کرتے ہیں۔
بھارتی آل راؤنڈر کا مزید کہنا ہے کہ میچ کے آخر میں اگر رزلٹ آپ کے حق میں نہ ہو تو آ پ اس پر کچھ نہیں کر سکتے، سب سے اہم چیز یہی ہے کہ اپنا سو فیصد دیں اور جیتنے کے لیے کھیلیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت پاکستان کی جانب سے قومی ٹیم کو کرکٹ ورلڈکپ کیلئے بھارت جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا جبکہ 14 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت سے مقابلہ ہوگا۔