پسنی، گوادر اور میانوالی بیس پر ہونے والے دہشتگردوں کے حملوں سے متعلق کچھ حقائق اور انکشافات سامنے آگئے جس میں ”را“ ملوث ہے۔
3 اور 4 نومبر کو پاکستان میں دو بڑے دہشتگرد حملے ہوئے، ایک حملہ پسنی اور گوادر میں ہوا جس میں 14 فوجی شہید ہو گئے جبکہ 4 نومبر کو ایک ناکام حملے میں میانوالی ائیر بیس کو نشانہ بنانے کو کوشش کی گئی تاہم سکیورٹی فورسز نے حملے ناکام بنائے۔
ایک طرف ملک دشمن عناصر کے حملے جبکہ دوسری طرف سوشل میڈیا پر دشمنوں کے ایجنٹس اور ٹاؤٹس کی پاکستان مخالف جنگ ہے۔ سب سے پہلے 3 نومبر کی رات را سے جڑے اکاؤنٹس نے میانوالی حملے کا اشارہ دیا۔ ان اکاؤنٹس سے کہا گیا کہ آج کچھ بڑا ہونے جا رہا ہے۔
اس سے ثابت ہوتا ہے ان حملوں کے پیچھے ہندوستان کی بدنام زمانہ ”را“ کا ہاتھ ہے۔ میانوالی ائیر بیس پر حملہ ناکام ہو گیا تو انڈین میڈیا فوری حرکت میں آیا۔ بھارتی میڈیا نے 9 مئی کی تصویریں دکھا دکھا کر پروپیگنڈا شروع کیا۔ بھارتی میڈیا نے ایئربیس پر حملے میں بہت نقصان کا پروپیگنڈا کیا۔
افسوسناک طور پر ایک سیاسی جماعت سے جڑے کچھ گھٹیا ٹرولز نے بھی ٹوئٹ کیے۔ سانحہ لسبیلہ کی طرز پر پسنی گوادر میں شہید فوجیوں کی بے حرمتی اور ہرزہ سرائی کی گئی۔ کرائے کے ٹرولز نے انتہائی مذموم انداز میں کہا ”9 مئی تو حملہ نہیں تھا اصل حملہ تو اسے کہتے ہیں“۔
ثابت ہو گیا کہ ان ٹرولز کو شہدا، ان کی فیملیز کی حرمت اور تقدس کا کوئی احساس نہیں۔
پاکستان نے غیر قانونی افغان باشندوں کو واپس بھیجنے کا عمل شروع کیا ہوا ہے۔ حالیہ دہشتگرد واقعات میں ان عناصر کی موجودگی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ دہشتگردی کے ان واقعات میں ملک دشمن عناصر کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ قوم کو ملک دشمن عناصرکا اصلی چہرہ نظر آگیا ہے۔