راولپنڈی: راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان قریب پہنچنے پر خطرے کی سائرن بج گئے، اسپیل ویز بھی کھول دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان قریب پہنچنے اور ڈیم میں پانی بھر جانے کے بعد اسپیل ویز کھول دیے گئے ہیں، اسپیل ویز کھولنے سے پہلے سائرن بجائے گئے۔
اسپیل ویز کھولے جانے کے بعد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، اس وقت ڈیم میں پانی کی سطح 1749 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جب کہ ڈیم میں پانی کی گنجائش کی حد 1752 فٹ مقرر ہے۔
راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی، الرٹ جاری
حکام کا کہنا ہے کہ راول ڈیم میں پانی کی سطح 1746 فٹ تک برقرار رکھی جائے گی۔ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام واٹر فرنٹ سے دور رہیں اور اسپل ویز کے قریب فوٹو گرافی یا تفریح سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں مون سون کا ایک اور دھواں دار اسپیل انٹری دینے کو تیار ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 25 جولائی تک راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، اور منڈی بہاؤالدین میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، لاہور، بہاولپور، ملتان میں بھی گرج چمک کے ساتھ برسات ہوگی۔
این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورت حال کا الرٹ جاری کر دیا ہے، اسلام آباد، کے پی، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔ سندھ کے کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔