راولپنڈی: راولپنڈی میں بااثر قبضہ مافیا نے اغوا کے بعد شہری کو موت کے گھاٹ اتاردیا، اے آر وائی نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ واہ صدر کے علاقے سے شہری کے اغوا کی فوٹیج اےآر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ایک ملزم شہری کو گریبان سے پکڑ کر حجام کی دکان سے باہر لایا۔
ملزم کے دوسرے ساتھی نے شہری کو تھپڑ مارے اور زبردستی گاڑی میں ڈال دیا، اس دوران ملزمان کا ایک اور ساتھی گاڑی میں سے اسلحہ نکال کر کچھ دیر باہر کھڑا رہا، پھر گاڑی میں سوار شہری کو ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق مغوی شہری کی لاش نواب آباد سے ملی، جن افراد نے شہری کو اغوا کے بعد قتل کیا، ان کا تعلق با اثر قبضہ مافیا گروہ سےبتایاجاتاہے۔