راولپنڈی میں گھناؤنے دھندے کا انکشاف : نوکری کیلئے بلا کر گردہ نکال لیا گیا

راولپنڈی گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری

راولپنڈی : تھانہ روات کے علاقے میں  انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری سینٹر کا انکشاف ہوا، جہاں نوکری کیلئے بلا کر ایک شخص کا گردہ نکال لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے تھانہ روات کی حدود میں غیر قانونی انسانی اعضاء کی پیوندکاری کرنے والے ایک خطرناک گروہ کو بے نقاب کر دیا ہے۔

کارروائی کے دوران ایک خفیہ آپریشن تھیٹر بھی ملا، جو ایک بنگلے کے اندر قائم تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ یہ کامیاب کارروائی روٹین پٹرولنگ کے دوران اس وقت عمل میں آئی جب اہلکاروں نے علاقے میں انسانی چیخوں کی آواز سنی۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹیم، جن کے ساتھ خواتین اہلکار بھی موجود تھیں، نے بنگلے پر چھاپہ مارا۔

چھاپے کے دوران حانان خان نامی شخص کو بازیاب کروایا گیا، جس کے جسم پر تازہ ٹانکوں کے نشانات موجود تھے۔

متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ اسے ملازمت کا جھانسہ دے کر وہاں بلایا گیا، جہاں بے ہوش کر کے اس کا گردہ نکال لیا گیا۔

مزید پڑھیں : گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گینگ کا سرغنہ گرفتار

کارروائی کے دوران پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ چھ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے موقع سے طبی آلات اور منشیات بھی برآمد کیں جو گردے نکالنے کے عمل میں استعمال کی جا رہی تھیں۔

تھانہ روات پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور فرار ملزمان کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ 2020 میں  لاہور میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی  نے ایک غیر قانونی گردوں کی پیوندکاری کرنے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا۔

اس وقت  کی ویجیلنس سیل کے سربراہ عدنان احمد بھٹی نے انکشاف کیا تھا کہ ملک میں غیر قانونی انسانی اعضاء کی خرید و فروخت اور گردوں کی پیوندکاری کا دھندہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔