راولپنڈی (24 اگست 2025): پی او ایل آئل کمپنی کی زیر زمین پائپ لائن سے آئل چوری پکڑی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں آئل کمپنی کی زیر زمین پائپ لائن سے تیل چوری کا انکشاف ہوا ہے، کمپنی کے افسر کی اطلاع پر تھانہ دھمیال نے بروقت کارروائی کر کے آئل چوری پکڑ لی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تیل چوروں نے ڈمپر کے نیچے ٹینکر بنا کر اوپر بجری ڈال رکھی تھی، تیل کی چوری کا انکشاف تک ہوا جب مرکزی پائپ لائن سے تیل چرانے کے دوران اچانک آگ لگ گئی، جس پر کمپنی کے افسر نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کر دیا۔
پولیس کی تفتیش سے معلوم ہوا کہ قریبی گھر سے آئل پائپ لائن تک ایک سرنگ بنا کر کروڈ آئل کی چوری کی جا رہی تھی، جس پر صدر بیرونی پولیس نے کمپنی افسر شاہد احمد کی درخواست پر مالک مکان فضل خان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
سرکاری لائن سے آئل چوری کے معاملے میں بڑی پیش رفت، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے کراچی میں آئل چوری بہت منظم طریقے سے کی جا رہی ہے، اور اس سلسلے میں کئی سرنگیں اور وارداتیں پکڑی گئی ہیں، مارچ کے مہینے میں بھی کورنگی کے علاقے سے سرکاری لائن سے بڑی مقدار میں آئل چوری پکڑی گئی تھی۔
اس چوری میں پولیس افسران بھی ملوث تھے، تیل چوری میں ملوث جب 6 افراد پکڑے گئے تو ان کی نشان دہی پر زمان ٹاؤن سے ایک اور آئل ٹینکر پکڑا گیا تھا، جس میں 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل موجود تھا۔ اس سے ایک دن قبل ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق 25 ہزار کروڈ آئل سے بھرا ٹینکر پکڑا گیا تھا۔