راولپنڈی پولیس کا پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے لیے رات بھر کریک ڈاؤن، مزید 28 کارکن گرفتار

پی ٹی آئی

راولپنڈی: راولپنڈی پولیس نے رات بھر مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مزید 28 کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج روکنے کے لئے راولپنڈی پولیس کا پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے لیے رات بھر کریک ڈاؤن جاری رہا۔

ٹیکسلا، واہ، صدر، روات، گجر خان، جاتلی، کلر سیداں اور صادق آباد میں پولیس نے چھاپے مارے جبکہ نیو ٹاؤن، سٹی سرکل، آر اے بازار، صدر بیرونی کے تھانوں کی پولیس کے رات بھر چھاپے جاری رہے۔

پی ٹی آئی کے مزید 28 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ، پولیس نے بتایا کہ گرفتارکارکنوں کو پہلے سےدرج مقدمات میں گرفتار کیا گیا ، درج مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔

مزید پڑھیں : 24 نومبر کو احتجاج: مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ جاری

گرفتارکارکنوں کوانسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب جڑواں شہروں کو سیل کرنے کے لیے پولیس کی کنٹینرز اور ڈمپرکی پکڑ دھکڑ بھی جاری ہے، جی ٹی روڈ، روات، ٹیکسلا، مارگلہ چیک پوسٹ اور حسن ابدال میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔

26 نمبر چونگی، ترنول اور موٹروے کے مختلف مقامات پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔