مہنگائی کا جن بچوں کا تعلیمی مستقبل نگلنے کو تیار؟

ملک میں ریکارڈ توڑ مہنگائی نے بچوں کا تعلیمی مستقبل بھی داؤ پر لگا دیا ہے اور کاغذ مہنگا ہونے کی وجہ سے کتابوں کی چھپائی میں تاخیر کا سامنا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں بڑھتی مہنگائی نے جہاں ہر شعبے کو متاثر کیا ہے وہیں اس کی وجہ سے بچوں کا تعلیمی مستقبل بھی داؤ پر لگ گیا ہے۔ کاغذ مہنگا ہونے کی وجہ سے کتابوں کی چھپائی میں تاخیر کا سامنا ہے اور کتابوں کی بروقت فراہمی نہ ہونے سے نیا تعلیمی سال تاخیر سے شروع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پرنٹنگ پریس نے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث اسکولز کو کتابوں کی فراہمی روک دی ہے۔ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کیجانب سے سالانہ امتحانات کیلیے ڈیٹ شیٹ بھی جاری نہیں کی گئی۔ سالانہ امتحانات مئی اور نیا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع کیے جانےکی تجویر زیر غور ہے۔

پنجاب ٹیچرز یونین نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کا وقت ضائع ہونے سے بچانے کے لیے کتابوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی سرکار کے 300 روز مکمل، شہری قیمتوں کے بوجھ تلے دب گئے

دوسری جانب اسکول ایجوکیشن نے تعلیمی سال اپنے وقت پر شروع ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ درسی کتب کی چھپائی جاری ہے اور 2 ماہ میں کتابوں کی چھپائی مکمل کر لی جائے گی۔