حقیقی آزادی مارچ، عمران خان مریدکے پہنچ گئے

حقیقی آزادی مارچ کا آج تیسرا روز ہے اور پی ٹی آئی چیئرمین مارچ کی قیادت سنبھالنے کے لیے زمان پارک سے مریدکے کیلیے پہنچ گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور سے اسلام آباد کیلیے شروع کیا جانے والا حقیقی آزادی مارچ آج مریدکے سے اپنی اگلی منزل گوجرانوالہ کے لیے روانہ ہوگا، یہ مارچ پارٹی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں دو روز قبل لبرٹی چوک لاہور سے شروع ہوا تھا۔

عمران خان مارچ کی قیادت سنبھالنے  کے لیے زمان پارک سے مریدکے کیلیے پہنچ گئے ہیں ہیں، ان کی آمد سے قبل ان کا کنٹینر یہاں پہنچا دیا گیا تھا، عمران خان شرکا سے خطاب کریں گے، جس کے بعد مارچ اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہوگا۔

عمران خان کے استقبال کے لیے کارکنوں کی بڑی تعداد استقبالیہ کیمپ میں موجود ہے جب کہ پارٹی قائدین بھی وہاں موجود ہیں۔

حقیقی آزادی مارچ آج مریدکے سے براستہ سادھوکی، کامونکی، موڑ ایمن آباد سے ہوتا ہوا گوجرانوالہ پہنچ کر رات وہیں قیام کرے گا اور پیر کے روز اپنے اگلے پڑاؤ کی جانب روانہ ہوگا۔