لاہور: بزدار حکومت کے دور کی مالی بے ضابطگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف سامنے آیا، 422 ملین روپے کی ادویات کی خریداری کا ریکارڈ غائب ہے۔
تفصیلات کے مطابق سال 2021-2022 کی آڈٹ رپورٹ میں لیبر ڈیپارٹمنٹ میں سنگین مالی بے ضابطگی سامنے آگئی۔ رپورٹ میں بتایا کہ بزدار حکومت کے دور میں 422 ملین روپے کی ادویات کی خریداری کا ریکارڈ غائب ہے۔
پنجاب ایمپلائز سوشل سیکیورٹی کی جانب سے آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو صرف جزوی ریکارڈ فراہم کیا گیا، تاہم فراہم کردہ دستاویزات ادویات کی خریداری کی شفافیت ثابت کرنے کے لیے ناکافی قرار دی گئیں۔
آڈٹ حکام نے ہدایت کی ہے کہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے والے ملازمین کا تعین کیا جائے۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو علی حیدر گیلانی نے محکمہ محنت کی پہلی تحقیقات پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری محنت کو معاملے کی ازسرنو تحقیقات کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادویات کی خریداری کے لیے شفاف اور مؤثر طریقہ کار مرتب کیا جائے تاکہ آئندہ کسی بے ضابطگی سے بچا جا سکے۔