یواےای میں ملازمین کی ڈیوٹی اوقات میں کمی

ابوظبی : اماراتی حکام نے رمضان المبارک کے دوران نجی سیکٹر کے ملازمین کیلئے نئے اوقات کار جاری کردیئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت افرادی قوت نے ہدایات جاری کی ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران نجی سیکٹر کے ملازمین دو گھنٹے کم کام کریں گے۔

اماراتی حکام کا جاری کردہ اعلامیہ پورے ملک میں نافذ العمل ہوگا۔

اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران سرکاری اداروں کے اوقات کار کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

وزارت افرادی قوت کی وفاقی اتھارٹی نے رمضان کے دوران سرکاری اداروں کے اوقات کار مقرر کیے ہیں۔ وزارتوں اور وفاقی اداروں کے ملازمین کی ڈیوٹی سوموار سے جمعرات تک صبح 9 بجے شروع ہوگی اور دوپہر ڈھائی بجے تک جاری رہے گی۔

جمعے کو ڈیوٹی صبح نو سے بارہ بجے تک ہوگی، اس سے وہ ملازم مستثنیٰ ہوں گے جن کی ڈیوٹی کے تقاضے اس سے مختلف ہوں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وزارتوں اور وفاقی اداروں کے ذمہ داران کو کام کے مفاد میں مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق رد و بدل کا اختیار ہے۔