نیپرا نے کے۔ الیکٹرک کے صارفین کیلئے اکتوبر کے ایف سی بی میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا.
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کے صارفین کے لیے اکتوبر 2022 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) میں 2 روپے 45 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ صارفین کو اس کمی کا فائدہ ماہ دسمبر کے بلوں کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔ یہ جولائی سے لگاتار چوتھا مہینہ ہے جس میں ایف سی اے میں کمی کا فائدہ صارفین کو پہنچایا گیا ہے۔
ایف سی اے کا انحصار ایندھن کی عالمی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر ہوتا ہے اور یہ نیپرا اور حکومت پاکستان کے طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت صارفین کو بلوں کے ذریعے کو منتقل کیا جاتا ہے۔ نیپرا عوامی سماعت اور درخواست کی جانچ پڑتال کے بعد ایف سی اے کی منظوری دیتا ہے اور ساتھ ہی اُس ماہ کا تعین بھی کرتا ہے، جس میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کو صارفین کو منتقل کیا جانا ہے۔ عالمی ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل چار ماہ سے کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔
اکتوبر 2022 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں کمی کی بنیادی وجہ آر ایل این جی کی قیمت میں 16 فیصد، فرنس آئل کی قیمت میں 6 فیصد اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے۔ جی) سے خریدی گئی بجلی کی قیمت ستمبر 2022 کے مقابلے میں 11 فیصد کمی ہے۔