خاتون ریفری نے کاکا کو یلو کارڈ کیوں دکھایا؟

ساؤپولو: : برازیل سے تعلق رکھنے والے معروف فٹبالر کاکا کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے خاتون ریفری نے انہیں یلو کارڈ دکھا کر میچ رکوا دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیریٹی میچ کے دوران خاتون ریفری نے غیر متوقع طور پر سیٹی بجا کر میچ رکوا دیا، خاتون ریفری نے میچ اس وقت رکوایا جب فٹبال کاکا کے کنٹرول میں تھی۔

خاتون ریفری کی جانب سے میچ رکوانے پر کھلاڑی حیران تھے، اسی دوران ریفری بھاگتی ہوئی کاکا کے پاس آئی اور انہیں یلو کارڈ دکھایا جس پر کھلاڑیوں سمیت شائقین بھی حیران ہوگئے۔

ریفری نے اچانک اپنا موبائل نکالا اور کاکا کے ساتھ سیلفی لی، خاتون ریفری کی اس حرکت پر لیجنڈ فٹبالر کاکا بھی مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔

یاد رہے کہ معروف فٹبالر 2 سال قبل ہی انٹرنیشنل کیریئر سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، 37 سالہ فٹبالر کا شمار برازیل کی قومی ٹیم کے انتہائی اہم مڈفیلڈرز میں ہوتا تھا۔ کاکا کو 2007 میں فیفا کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

معروف فٹبالر کاکا اٹلی کے کلب اے سی میلان اور معروف ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔