نگراں پنجاب حکومت کو کام سے روکنے کیلیے عدالت سے رجوع

پنجاب کی نگراں حکومت کو کام سے روکنے کے لیے سپریم کورٹ بار کے سابق سیکریٹری آفتاب باجوہ نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کی نگراں حکومت کو کام سے روکنے کے لیے سپریم کورٹ بار کے سابق سیکریٹری آفتاب باجوہ نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

آفتاب باجوہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب میں نگراں حکومت کی آئین میں دی گئی معیاد ختم ہوچکی ہے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کی تاریخ میں توسیع کی لیکن نگراں حکومت پنجاب کی معیاد میں کوٸی توسیع نہیں کی۔

درخواست میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ صوبائی نگراں حکومت کی معیاد ختم ہونے پر اس کی قانونی حیثیت باقی نہیں رہی اس لیے نگران وزیر اعلیٰ کو فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے۔

سابق سیکریٹری سپریم کورٹ بار کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت عالیہ سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ نگراں حکومت پنجاب کو کام سے روکنے کا حکم دینے کے ساتھ الیکشن کمیشن کو پنجاب میں نئی نگراں حکومت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم بھی دیا جائے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی جنوری میں تحلیل کیے جانے کے بعد تشکیل پانے والی موجودہ حکومت کی آئینی مدت اپریل میں مکمل ہوچکی ہے۔

سپریم کورٹ نے پہلے اپریل پھر 14 مئی کو پنجاب میں الیکشن کا حکم دیا تھا لیکن دونوں بار انتخابات نہیں کرائے گئے۔