شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی رابعہ کلثوم اور ریحان ناظم نے انڈسٹری میں مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بتادیا۔
اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ود ایاز سموں‘ میں اداکارہ رابعہ کلثوم نے شوہر ریحان ناظم کے ساتھ شرکت کی اور اس دوران شوبز سمیت دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
میزبان نے پوچھا کہ منفی، کامیڈی، مثبت کردار آپ نے کرلیے اب کس طرح کا کردار نبھانا چاہتے ہیں؟
رابعہ کلثوم نے کہا کہ کچھ نیا تجربہ کرنا چاہتی ہوں، ڈراموں میں جو کردار دکھائے جارہے ہیں اس سے ہٹ کر کوئی مختلف کردار نبھانا چاہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی سیریس کردار ہو، کوئی اچھی کہانی ملے تو اس کا کردار ادا کرنے میں بھی مزہ آتا ہے۔
ریحان ناظم نے کہا کہ میرا تو ابھی تیسرا ڈرامہ ہے کوئی بھی اچھے کردار کو نبھانے کے لیے تیار ہوں۔
اداکار نے کہا کہ میرا پہلا پروجیکٹ ایک فلم تھی جس میں ولن کا کردار ادا کیا لیکن وہ فلم ابھی تک ریلیز نہیں ہوئی، اس کردار کے لیے میں نے سرمنڈوایا، داڑھی اور وزن بھی بڑھایا۔
ریحان ناظم نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ وہ فلم جب بھی ریلیز ہوگی تو کردار لوگوں کو پسند آئے گا۔
واضح رہے کہ رابعہ کلثوم اور ریحان ناظم اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’تیرا وعدہ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔