’’ریکھا‘‘ کے ہاں 17ویں بچے کی پیدائش!

بھارت (28 اگست 2025): ریکھا نے 17 ویں بچے کو جنم دیا ہے 11 بیٹوں اور 6 بیٹیوں میں سے پانچ بچے پیدائش کے فوری بعد انتقال کر گئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجھستان کے ضلع ادے پور میں ایک 55 سالہ خاتون ریکھا کلبیلیا نے 17 ویں بچے کو جنم دیا ہے۔ خاتون پہلے ہی نانی اور دادی کے درجے پر فائز ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق خاتون کے شوہر کا نام کوارا رام کلبیلیا ہے۔ دونوں کے ہاں 11 بیٹوں اور 6 بیٹوں نے جنم لیا، تاہم ان میں سے چار بیٹے اور ایک بیٹی پیدائش کے فوری بعد انتقال کر گئے تھے۔ اب ان کے 12 بچے حیات ہیں، جن میں سات بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔

خاتون کے شوہر نے بتایا کہ ان کے دو بیٹے اور تین بیٹیاں شادی شدہ ہیں اور سب صاحب اولاد ہیں۔ یوں وہ 17 ویں بار ماں بننے سے قبل کئی بار نانی اور دادی بن چکی ہیں۔

کاوارا رام کباڑ کا کام کرتا ہے اور ان کی مالی حالت انتہائی خراب ہے۔ مالی استطاعت نہ ہونے کی وجہ سے ان کے کسی بچے نے اسکول کی شکل تک نہیں دیکھی۔ بچوں کی شادیاں بھی سود پر قرض لے کر کیں۔

ریکھا کے ہاں 17 ویں بچے کی پیدائش کا سن کر ان کے رشتہ اور گاؤں کے افراد سمیت ان کے اپنے نواسے، نواسیاں اور پوتے، پوتیاں انہیں مبارکباد دینے گھر آ رہے ہیں۔

دوسری جانب ڈاکٹر روشن درنگی نے بتایا کہ جب ریکھا ڈیلیوری کے لیے آئی تو پہلے اس نے ظاہر کیا کہ یہ اس کی چوتھی ڈیلیوری ہے۔ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ اس سے قبل 16 بچوں کو جنم دے چکی ہے۔