پنجاب میں بجلی کے ریلیف پیکج سے کتنے فیصد صارفین مستفید ہوں گے؟

پنجاب میں بجلی کے ریلیف پیکج سے کتنے فیصد صارفین مستفید ہوں گے؟

لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں دو ماہ کے ریلیف سے کتنے صارفین مستفید ہو سکیں گے، اس متعلق سرکاری اعداد و شمار سامنے آگئے۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کیلیے فی یونٹ 14 روپے ریلیف کا اعلان کیا ہے تاہم ماہانہ 200 یونٹ والے صارفین کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا اور اس طرح بیشتر صارفین ریلیف سے محروم رہیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریلیف سے محض چند فیصد صارفین ہی مستفید ہو سکیں گے، ملک میں صرف 14 فیصد صارفین ماہانہ 200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرتے ہیں جبکہ 86 فیصد بجلی صارفین ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں۔

صوبائی حکومت نے 14 روپے ریلیف ماہانہ 201 سے 500 یونٹ پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیرف میں ریلیف کا اطلاق اگست اور ستمبر 2024 کے بلوں میں ہوگا، بشمول ٹیکسز و ڈیوٹیز پنجاب حکومت فی یونٹ بجلی پر 14 روپے ریلیف دے گی۔

وفاق نے پہلے ہی 3 ماہ کیلیے ماہانہ 200 یونٹ تک ٹیرف میں اضافے سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔ جولائی تا ستمبر کیلیے وفاقی حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ تک کے ٹیرف پر ریلیف دیا ہے۔