واشنگٹن : امریکی صحافی نے برف باری سے متعلق رپورٹنگ کرتے ہوئے غلطی سے فیس بک فیس فلٹر آن کردیا، جس کے باعث وہ براہ راست نشریات کے دوران خلائی مخلوق، اور بلی لگ رہے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صحافی جسٹن ہنٹن کی لائیو رپورٹنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی، جس میں وہ برف باری سے متعلق موسم کا حال بتارہے ہیں اور ان کے چہرے پر مختلف فلٹرز لگے ہوئے ہیں۔
نیوزرپورٹر جسٹن ہنٹن شمالی کیرولینا میں برف باری سے متعلق اپنی پہلی مکمل رپورٹ فیس بک پر لائیو دے کر کیمرے کی جانب آئے تو صارفین کے تبصرے دیکھ کر حیران رہ گئے۔
جسٹن سے اتفاقی طور پر خود کار طریقے سے فیس بک کے چہرے کے فلٹرز آن ہوگئے، جس سے رپورٹ کو ایک مختلف انداز مل گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جب خراب موسم کے باعث اسکولوں کی بندش سے متعلق بتارہا ہوتا ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کررہا ہوتا ہے اس وقت اس کے چہرے پر بلی، خلائی مخلوق کا ہیلمٹ، جادوگر، گوگل کی آنکھوں سمیت مختلف فلٹر آتے رہے۔
صحافی کے اس انداز کو دیکھ کر مداح خوب محظوظ ہوئے اور جسٹن ہنٹن کے اس انداز کو خوب سراہا۔