داڑھی کے ڈیزائن بنانے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

داڑھی کے ڈیزائن

لاہور : داڑھی کے ڈیزائن بنانے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی ، جس میں کہا ہے کہ داڑھی پر کسی بھی قسم کی ڈیزائننگ سخت گناہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کی رکن اسمبلی رخسانہ کوثر کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کرائی گئی ہے، جس میں ملک بھر میں داڑھی کے اسٹائل بنانے یا ڈیزائن کرنے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرار داد میں رکن صوبائی اسمبلی نے داڑھی کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قابل احترام سنت قرار دیا اور کہا کہ فیشن کے انداز میں داڑھی بنانا یا تبدیل کرنا نہ صرف بے عزتی ہے بلکہ ایک سنگین گناہ بھی ہے۔

قرارداد میں وفاقی حکومت پر زور دیا وہ اس رجحان کو روکنے کے لیے سخت قانون سازی کرے اور مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت قانون سازی کرکے ڈیزائننگ کرانے والوں اور حجام کیخلاف کارروائی کرے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب مسلم لیگ ن کے ایم پی اے نے اس تشویش کا اظہار کیا ہو، اس سے قبل جولائی 2020 میں بھی ایسی ہی ایک قرارداد پیش کی تھی، جس میں داڑھی کے اسٹائل پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔