لندن: برطانیہ میں دھمکی آمیز پیغام کے ذریعے بینک سے رقم لوٹنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی علاقے لیو نارڈز سے تعلق رکھنے والا ایلن نامی چور دھمکی آمیز پیغام لے کر بینک میں داخل ہوا اور عملے کو تھما دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بینک عملے کو ملزم کی لکھائی(ہیڈ رائٹنگ) ہی سمجھ نہیں آئی، ملازمین یہ جاننے سے قاصر رہے کہ اس پرچی میں کیا لکھا ہے اور مذکورہ شخص کیا چاہتا ہے جس کے باعث چور کو مجبوراً خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔
بعد ازاں عملے نے پرچی پر غور کیا تو پتا چلا یہ ایک دھمکی آمیز پیغام ہے جس میں رقم دینے کا مطالبہ درج ہے، بینک انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس کا اطلاع دی۔
پولیس نے کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کیا اور بتایا کہ گرفتار شہری نے مذکورہ بینک کے علاوہ بھی دیگر دو بینکوں سے عملے کو ڈرا کر پیسے لینے کی کوشش کی لیکن صرف ایک میں ہی کامیابی ملی۔
برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ہوئی، ایلن اسی پرچی کے ذریعے ایک بینک سے تقریباً 2400 پاؤنڈ لے کر فرار ہوا تھا۔ ملزم کو چار سال جیل کی سزا سنا دی گئی۔