ممبئی: آنجہانی اداکار سنگھ راجپوت کیلیے منشیات خریدنے کے کیس میں بالی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی کو عدالت سے عارضی ریلیف مل گیا۔
بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق ریا چکرورتی نے نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینس (این ڈی پی ایس) کورٹ میں چھ دن کیلیے دبئی جانے کی اجازت کیلیے درخواست دائر کی تھی۔
اداکارہ کی درخواست پر کورٹ نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کو ہدایت کی تھی کہ وہ اداکارہ کو پاسپورٹ واپس کرے اور انہیں دبئی جانے کی اجازت دے۔
این سی بی نے اداکارہ کو 27 دسمبر 2023 سے 2 جنوری 2024 تک دبئی جانے کی اجازت دے دی۔ ریا چکرورتی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 4 جنوری کو اپنا پاسپورٹ بیورو کو واپس جمع کروائے۔
متعلقہ: شاید میں چڑیل ہوں اور مجھے کالا جادو بھی آتا ہے، ریا چکرورتی
کیس کی تحقیقات میں یہ پہلا موقع ہے جب ریا چکرورتی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی۔ اداکارہ کی آنجہانی اداکار سنگھ راجپوت کیس میں قانونی کارروائی جاری ہے۔
31 سالہ اداکارہ کو آخر مرتبہ تیلگو زبان میں ریلیز ہونے والی فلم Super Machi میں دیکھا گیا تھا۔
ریا چکرورتی کو گزشتہ برس ستمبر میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کیا تھا تاہم بعدازاں انہیں ہائی کورٹ سے ضمانت پر رہائی مل گئی تھی۔