لوگوں کی بڑی تعداد وقت بے وقت کھانا کھانے کی عادی ہوتی جارہی ہے، جس کی وجہ سے فریج میں رکھا ہوا کھانا ان کی مجبوری بن جاتا ہے لیکن یہ عادت کتنی خطرناک ہے اس سے بہت کم لوگ واقف ہیں۔
فریزر میں رکھا بچا ہوا کھانا دوبارہ گرم کرکے کھانے سے فوڈ پوائزننگ کا زیادہ امکان ہوتا ہے جو آپ کی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر غذائیت حنا انیس نے فریز کیے گئے پکے ہوئے کھانوں کے نقصانات اور اس سے متعلق مفید مشورے دیئے کہ وہ کھانا کیسے استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی کھانا 24 گھنٹے سے زیادہ فریج میں نہیں ہونا چاہیے بصورت دیگر وہ کھانا صحت پر مضر اثرات مرتب کرے گا، بچا ہوا کھانا جتنی جلدی ممکن ہو سکے 2 گھنٹے کے اندر ٹھنڈا کرلیں پھر فریج میں رکھیں۔
حنا انیس کا کہنا تھا کہ چاولوں کو فریج میں رکھنے سےان بیکٹریا کی پیداوار تیزی سے بڑھتی ہے، اس لیے ایسی غذاؤں کو دوبارہ گرم کرکے کھانے سے قے اور ڈائریا ہوسکتا ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ بچے ہوئے چاول ڈبے میں پیک کرکے فریز کرلیں، فریزر سے نکالنے کے بعد آپ اسے کھا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ادرک اور لہسن پیس کر رکھنا بھی بہت غلط طریقہ ہے، اس قسم کی چیزیں پیٹ کلے امراض کے بڑھنے کا سبب بنتی ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بچا ہوا کھانا دوبارہ گرم کرکے کھانے سے نہ صرف پیسوں کی بچت ہوتی ہے بلکہ کھانا ضائع ہونے بھی بچ جاتا ہے۔